جے یو آئی پنجاب کے سرپرست خواجہ سعید انتقال کر گئے
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علماء اسلام صوبہ پنجاب کے سر پرست صاحبزادہ خواجہ سعید احمد حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔ مر حوم عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت سابق امیر حضرت خواجہ خان محمدؒ کے چھوٹے صاحبزادے تھے۔ مر حوم کی نماز جنازہ آج 3ستمبر اتوار کو بعد نماز عصر خانقاہ سراجیہ کندیاں میں ادا کی جائے گی اور مقامی قبرستان سپرد خاک کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے صاحبزادہ سعید احمد کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال کی خبر سے دل غمگین ہوگیا ہے۔ خانوادہ حضرت خواجہ خان محمد مرحوم کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوں اللہ کریم مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے جے یو آئی مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی مولانا خواجہ سعید احمد کی وفات پرگہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم بے پناہ خوبیوں کے مالک تھے۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم اعلی اخلاق کے مالک تھے۔ مرحوم کی وفات سے جمعیت ایک مخلص اور بے لوث راہنماء سے محروم ہو گئی علاوہ ازیں جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے صاحبزادہ خواجہ سعید احمدصاحب کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم کی وفات جماعت کے لئے بڑا نقصان ہے۔ انھوں نے مولانا خواجہ خلیل احمدمولانا عزیز احمد اور خاندان کے دیگر افراد سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس غم اور دکھ میں برابر شریک ہوں۔