حلیم عادل کو رہا کرنے کی درخواست مسترد‘ 3 روز کا جسمانی ریمانڈ
کراچی (آئی این پی ) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا ، تفتیشی افسر نے کہا کہ حلیم عادل شیخ پی ٹی آئی سندھ کے رہنما ہیں،انکی ہدایت پر کارکنوں نے 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کی ، ان کے اشتعال دلانے پر پولیس موبائل کو دیگر املاک کو کارکنوں نے نقصان پہنچایا، حلیم عادل شیخ سے تحقیقات کرنی ہے، جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق حلیم عادل شیخ کے خلاف مبینہ ٹان تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی اہلیہ دعا بھٹو کہتی ہیں کہ ایک انسان پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، مگر ان لوگوں نے قانون کو مذاق بنا کر رکھا ہے، وطن عزیز اور پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں ڈرنے والے نہیں۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے باہر اہلیہ دعا بھٹو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل شیخ سے 3 ماہ بعد ملاقات ہوئی ہے، میں اپنے بچے کے ساتھ عدالتوں کے دھکے کھاتے آئی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک انسان پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، مگر ان لوگوں نے قانون کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔ ایک مقدمہ میں حلیم عادل شیخ کو ضمانت ملتی ہے، جیسے ہی 2 سیڑھیاں اترتے ہیں تو پولیس کہتی ہے چلو اندر۔ یہ کرتے رہیں اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔