جنرل ہسپتال شعبہ امراض بچگان کے زیر اہتمام ٹی بی کے بارے میںسمپوزیم
لاہور(نیوزرپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اورتوانا و صحت مند بچے قوم کی بنیاد ہیں۔ تپ دق ایک قابل علاج مرض ہے تاہم دنیا بھر میں سالانہ لاکھوں بچے ٹی بی کی بیماری کے باعث لقمہ اجل بن جاتے ہیں جس کی بنیادی وجہ اس مرض کی تشخیص میں تاخیر اور علاج معالجے میں غفلت کا ہونا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے واضح کہا کہ پسماندہ بستیوں میں رہنے والے اور غذائی قلت کا شکار بچے تپ دق کا آسان ہدف ہوتے ہیں جس میں کمی لانے کیلئے حکومت اور معاشرے کو ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہا پرنسپل پی جی ایم آئی نے شعبہ متعددی امراض بچگان لاہور جنرل ہسپتال کے زیر اہتمام بچوں میں ٹی بی کے بارے میں سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر محمد شاہد اور پروفیسر فہیم افضل کی سربراہی میں سمپوزیم میں پروفیسر اقبال حسن، ڈاکٹر محمد عامر صفدر، ڈاکٹر غلام فرید، پروفیسر محمد اشرف سلطان ودیگر کے پی کے ماہرین نے بچوں میں ٹی بی کی بیماری اور جدید طریقہ علاج کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔