• news

ککس بیک کا الزام‘ نیب نے پرویز الٰہی کے سابق سیکرٹری محمد خان بھٹی کو گرفتار کر لیا

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق محمد خان بھٹی کو نیب لاہور کی ٹیم نے گوجرانوالہ سے گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق محمد خان بھٹی پر تعمیراتی ٹھیکوں میں ایک ارب روپے سے زائد کک بیکس لینے کا الزام ہے۔ محمد خان بھٹی کو پہلے اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا تھا جبکہ اب نیب کے ہاتھوں ان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ محمد خان بھٹی کو آج نیب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔نیب کے مطابق ملزم محمد خان بھٹی نے شریک ملزموں کی ملی بھگت سے گجرات میں 116 ترقیاتی سکیمیں منظور کروائیں۔ ترقیاتی ٹھیکوں میں مبینہ طورپر 1 ارب سے زائد بٹورے گئے۔ من پسند کنٹریکٹر عظمت حیات کو ٹھیکوں میں رشوت کیلئے استعمال کیا گیا۔ ملزموں نے تعمیراتی کام شروع ہونے سے قبل ہی ٹھیکیداروں کو مکمل ادائیگوں سے کمشن وصول کیا۔ نیب لاہور کے مطابق ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی رقم چودھری پرویزالٰہی‘ مونس الٰہی اور محمد خان بھٹی کے ذاتی اکائونٹس میں منتقل ہوتی رہی۔ نیب لاہور نے تحقیقات کو آگے بڑھانے کیلئے ملزم محمد خان بھٹی کی سنٹرل جیل گوجرانوالہ سے کسٹڈی حاصل کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن