ہم جنت کے ٹھیکیدار ہیں نہ پاکستان کو مودی کا بھارت بننے دینگے، وزیر مذہبی امور
کراچی،اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ،نامہ نگار) نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ کچھ لوگ پاکستان کا خوبصورت چہرہ تباہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم خوبصورت ریاست پاکستان کو مودی کا بھارت نہیں بننے دیں گے۔بہت جلد قوم کو خوشخبریاں ملنے والی ہیں۔جامعہ بنوریہ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انیق احمد کا کہنا تھا کہ آج ملک کے حالات پریشان کن ہیں، ہمیں بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں ثقافتی مسائل درپیش ہیں، علمائے کرام اور طلبہ نے قوم کو مایوسی سے نکالنا ہے۔جنت کے ٹھیکیدار ہم نہیں، یہ اللہ کا معاملہ ہے۔ مدارس اہم کام کر رہے ہیں، ہمیں ان پر ناز ہے، انہی مدارس نے دینی علم کو محفوظ کر رکھا ہے، سپین میں اگر مدارس قائم ہو جاتے وہ سلوک نہ ہوتا جو آج ہوا، 100 سال بعد ہم نہیں ہوں گے لیکن قرآن سے رہنمائی کی روشنی ملتی رہے گی۔ہمیں کچھ خارجی چیلنجز کا بھی سامنا ہے، ہمیں آئے کچھ ہی دن ہوئے تھے کہ 16 اگست کو جڑانوالہ کا واقعہ ہو جاتا ہے، کچھ لوگ پاکستان کا خوبصورت چہرہ تباہ کرنا چاہتے ہیں، اس خوبصورت ریاست کومودی کا ہندوستان نہیں بننے دیں گے۔علمائے کرام دنیا کو بتائیں ہم پرامن ملک ہیں، دہشت گردی سے نفرت کرتے ہیں، یہ 23 کروڑ عوام کی بھی ذمہ داری ہے، نظریاتی سرحدوں کی ذمہ داری بھی ہم سب پر ہے، ہم نے پاکستان کے جید علماء کو دعوت دی ہے، ان سے معیشت سمیت دیگر اہم مضامین پر بات ہوگی۔وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے علما مشائخ کے ساتھ ملاقات میں کہاہے کہ ہمیں اپنے درمیان فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر کو پہچاننا ہو گا۔ انہوں نے سعودی وزیر حج ڈاکٹر ربیعہ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا کہ حجاج کیلئے بہت سی آسانیاں لانے کیلئے پر عزم ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مل کر قوم کو مایوسی سے نکالیں کیونکہ مایوسی کفر ہے۔ اس سے قبل انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں تپ دق کے خاتمے سے متعلق منقعدہ سیمینار سے گفتگو کے دوران کہا کہ میڈیا تپ دق کے بارے میں آگاہی مہم شروع کرے۔