کشمیری صحافیوں پر مظالم کی رپورٹنگ، بھارتی پولیس نے بی بی سی کیخلاف کارروائی کی دھمکی دیدی
اسلام آباد (این این آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں کے خلاف مودی حکومت کے کریک ڈائون کو بے نقاب کرنے پر بھارتی پولیس نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بی بی سی نے ایک مضمون شائع کیا ہے جس کا عنوان ہے ’’کوئی بھی خبر آپ کی آخری خبر ہو سکتی ہے‘‘۔ مضمون میںکہا گیا ہے کہ بھارتی حکام کشمیری صحافیوں کو منظم طریقے سے ڈرا اور دھمکا رہے ہیں اور 5اگست 2019ء کے بعد جب مودی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور علاقے پر فوجی محاصرہ مسلط کردیا۔ کشمیری صحافیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ مقبوضہ علاقے میں صحافیوں کے گھروں پر چھاپے مارنا، تھانوں میں طلب کرنا، گرفتاراور ہراساں کرنا اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنانا روزمرہ کا معمول بن چکا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کشمیری صحافیوں کے خلاف ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کرکے انہیں خاموش کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ آزادی صحافت کے تمام علمبرداروں اور فریقوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں صحافیوں پر ہونے والے حملوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی چاہیے کیونکہ صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے، ہراساں کرنے اور حملوں کا مقصد انہیں علاقے میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے روکنا ہے۔