• news

گلگت بلتستان میں صورتحال پر امن، گولی چلی نہ فوج تعینات کی: وزیراطلاعات

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی+آئی این پی)  نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں امن و استحکام ہے، سکول، کالج، بازار اور سڑکیں کھلی ہیں، صورتحال پرامن ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے سوشل میڈیا پر گمراہ کن بیانیہ اور جعلی خبروں کے ریکارڈ کو درست کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا سکول، کالج، بازار اور سڑکیں کھلی ہیں جو معمول کے احساس کا اظہار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات مذہبی اور فرقہ وارانہ خدشات کے رد عمل میں پرامن احتجاج ہوتا ہے لیکن صورتحال مکمل طور پر پرامن ہے، وہاں فوج کی کوئی تعیناتی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی آئندہ ہفتے حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر کمیونٹی کے تحفظ کے لئے تیار ہے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے گلگت بلتستان میں بدامنی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی گولی نہیں چلی، سرکاری اور نجی املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، احتجاج مقامی مسائل پر ایک فطری سیاسی جمہوری ردعمل ہے جس کا گلگت بلتستان میں پرامن طریقے سے انتظام کیا گیا، گلگت بلتستان امن اور ہم آہنگی کی جنت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن