اولیاء کرام اپنی تعلیمات سے ہمیشہ امن و محبت کے پیغام کو فروغ دیا:راغب نعیمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ اولیاء کرام اپنی تعلیمات سے ہمیشہ امن و محبت کے پیغام کو فروغ دیا۔ برصغیر پاک وہند میں اسلام کی ترویج فروغ میں اولیاکرام نے اہم کردار ادا کیا۔ تقریباً ایک ہزار سال قبل شہر لاہور میں حضرت داتا گنج بخشؒ نے اپنے کردار سے لاکھوں لوگوں کواسلام قبول کرایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نعیمین ایسوسی ایشن کے عہدیدارن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام ہی وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے دین اسلام کی تعلیمات کی روشنی سے اپنے کردار منور کئے۔ اولیاء اللہ نے اپنی زندگی رضا الٰہی اور حضورا کرمؐ کی محبت اور مخلوق کی خدمت کیلئے وقف کی ہوتی ہیں۔ اولیاء کرام کا جینا اور مرنا اللہ تعالیٰ کیلئے ہوتا ہے۔ بزرگان دین نے ہمیشہ حسن سلوک، انسانیت سے محبت، معاشرے میں امن و محبت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے عملی کردار ادا کیا لہٰذا ہمیں بزرگان دین کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے معاشرے میں امن و محبت کو فروغ دیکر ایک پرامن معاشرے کی تشکیل میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا۔