جنرل ہسپتال ویب سائٹ پر ڈینگی کی معلومات اپلوڈ کر دیں: پروفیسر الفرید ظفر
لاہور(نیوز رپورٹر) جنرل ہسپتال لاہور کی انتظامیہ نے ڈینگی سے بروقت بچاؤ کے متعلق عوام کی رہنمائی کیلئے ہسپتال کی ویب سائٹ پر تمام احتیاطی تدابیر اور ضروری معلومات انگریزی، اردو دونوں زبانوں میں اپلوڈ کر دی ہیں۔ انٹرنیٹ اور جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے ڈینگی سمیت تمام بیماریوں کا موثر تدارک کیا جا سکتا ہے۔ یہ بات پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج، پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے ہسپتال میں ڈینگی وارڈ کے معائنے کے دوران کہی۔ ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ آج کا دور معلومات کی تیز ترین بہم رسانی کا دور ہے۔ ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ مذکورہ ویب سائٹ lgh.punjab.gov.pk سے سماجی تنظیمیں، سول سوسائٹی کے نمائندے ، طب سے وابستہ افراد اور میڈیا کے لوگ استفادہ کرتے ہوئے عام آدمی کی رہنمائی اور بھلائی کا فریضہ سر انجام دے سکتے ہیں۔ شہریوں کی خود بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس بیماری سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اپنائیں اور اپنے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور دوستوں کو بھی ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کا حصہ بنیں۔