نواز شریف 15 اکتوبر کو واپس آئیں گے: صدر ن لیگ لاہور
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے پارٹی قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 15اکتوبر کو پارٹی قائد علامہ اقبال ائر پورٹ لاہور میں لینڈ کریں گے جہاں ان کا دس لاکھ سے زائد افراد استقبال کریں گے۔ عوام پر مہنگائی عمران نیازی نے مسلط کی اور اس کے ذمہ دار عمران نیازی کو لانے والے ہیں۔ وہ گذشتہ روز پی پی 173ٹھوکر نیاز بیگ میں کوآرڈینیٹرز کو نوٹیفکیشن دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے سید علی سرور گیلانی، مرزا جاوید، عامر خان، میاں عمران جاوید، میاں طارق نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر نگہت شیخ، شہباز حیدر، خالد قادری اور مہر محمود سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ملک سیف الملوک کھوکھر نے مزید کہا کہ پارٹی قائدین نے جو ذمہ داری سونپی بخوبی نبھائی۔ مسلم لیگ ن لاہور کی تنظیم سازی مکمل ہو چکی ہے۔ آج مسلم لیگ ن لاہور کی تنظیم سازی مکمل ہونے پر تمام قائدین اور ورکرز کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پارٹی کی بہترین تنظیم سازی مکمل کرنے پر قائد نواز شریف نے لندن بلا کر شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جو مہنگائی کا طوق عوام کے گلے پڑا ہوا ہے یہ عمران خان کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔