میٹھی چینی بھی عوام کیلئے کڑوی گولی بن گئی، 230روپے تک کلو
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) کئی شہروں میں ڈبل سنچری کے بعد بھی چینی کی قیمتوں میں اضافہ نہ روکا جا سکا۔گزشتہ روز کوئٹہ میں ایک کلو چینی پر 15 روپے بڑھے، آج پھر 15 روپے کا اضافہ ہو گیا، فی کلو قیمت 220 روپے تک جا پہنچی۔چار روز میں چینی کی قیمت 40 روپے بڑھ چکی ہے جبکہ چمن کوئٹہ سے بھی آگے ہے جہاں فی کلو چینی 230 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔کراچی میں بھی چینی کی فی کلو قیمت 200 کلو ہو گئی جبکہ لاہور کی اوپن مارکیٹ میں چینی 176 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے تاہم چھوٹی دکانوں اور بازاروں سے چینی غائب ہو گئی ہے۔سرگودھا میں تین دن میں چینی کی قیمت میں 35 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے اور ایک کلو چینی 185 روپے میں دستیاب ہے۔چینی کی قیمت میں اضافے کے بعد 50 کلو بوری کی قیمت 9ہزارسے تجا وز کر گئی۔چینی کی قیمت میں اضافے کے باعث بیشتر یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی نایاب ہوگئی اور چینی کی عدم دستیابی کے باعث شہری مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔آٹا، گھی، چاول، چائے اور دالوں سمیت دیگر اشیاء خور و نوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا ہے۔کوئٹہ شہر میں اکثر دکانداروں کے پاس چینی کا ذخیرہ ختم ہو گیا اور پرچون ریٹ پر چینی فی کلو 220روپے فروخت کی جارہی ہے۔