ڈالر کی قیمت ایک روپیہ گرگئی، سونا سستا، سٹاک مارکیٹ 394پوائنٹس بڑھ گئی
کراچی (کامرس رپورٹر) نئے کاروباری ہفتہ کے پہلے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ رہا۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میںکمی ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک میں گزشتہ روز ڈالر کی قدر 17پیسہ اضافہ سے 305.47روپے سے بڑھ کر 305.64 روپے کی سطح پر آگئی۔ جبکہ فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1روپے کمی سے 327روپے کی سطح پر آگئی۔ یورو کی قیمت فروخت 2روپے کمی سے 353 اور برطانوی پائونڈ کی قیمت فروخت 3روپے کمی سے 412روپے کی سطح پر رہی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت 5ڈالر کمی سے 1940 ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت 700روپے کمی سے 2لاکھ 39ہزار 100روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 600 روپے کمی سے 2لاکھ 4ہزار 990روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 2900 روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔ ادھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز مثبت انداز میں ہوا۔ کے ایس ای 100انڈیکس 394 پوائنٹس اضافہ کے بعد 45700پوائنٹس کی حد بحال کر گیا۔ کاروبار میں تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمایہ میں 43ارب روپے کا اضافہ ہوا، تاہم حصص کی کاروباری مالیت اور حجم جمعہ کے مقابلہ میںکم رہا۔ 164پوائنٹس اضافہ سے کے ایس ای 30انڈیکس 16087 پوائنٹس سے بڑھ کر 16252پوائنٹس ہو گیا۔ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 210پوائنٹس اضافہ سے 30243 پوائنٹس سے بڑھ کر 30454پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایم آئی 30انڈیکس 950پوائنٹس اضافہ سے 76275 پوائنٹس تک آگیا۔