• news

نواز شریف کی واپسی، لندن اجلاس میں شہباز کی بھی شرکت

لندن (عارف چودھری‘ نوائے وقت رپورٹ) ذرائع مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 15 اکتوبر کو عام پرواز کے ذریعے لندن سے روانہ ہوکر پاکستان پہنچیں گے اور وہ لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ ان کی صاحبزادی اور پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز ان کے استقبال کے لئے تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے اسلام آباد کے بجائے لاہور آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مرکزی قیادت کو استقبال کے لئے ٹاسک سونپ دیا ہے۔ مریم نواز استقبالی معاملات کی نگرانی کر رہی ہیں، اور تنظیمی عہدیداران کو استقبالیہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ لوگ لانے کی ہدایت کر دی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا لندن میں حسن نواز کے دفتر میں اجلاس ہوا۔ شہباز شریف اجلاس میں شرکت کیلئے حسن نواز کے دفتر پہنچے۔ قائد مسلم لیگ (ن) نے شہبازشریف کا استقبال کیا۔ اجلاس میں نوازشریف کی واپسی کی تاریخ پر گفتگو کی گئی۔ ٹیلیفون کے ذریعے پاکستان میں بھی مختلف رہنمائوں سے رابطہ کیا گیا۔ دوسری جانب او لیول کے امتحان میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی برٹش پاکستانی طالبہ ماہ نور چیمہ نے لندن میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شہباز سے ملاقات کی ہے۔ ماہ نور چیمہ والدین اور بہن بھائیوں کے ساتھ حسن نواز کے دفتر پہنچیں۔ دونوں سابق وزرائے اعظم نے ماہ نور کو تحفہ بھی دیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ لیگی قائدین نے کہا کہ ماہ نور چیمہ پاکستانی عوام کا فخر ہیں۔ وطن کا نام روشن کیا۔ شہباز شریف نے کہا ماہ نور چیمہ کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ امید ہے ماہ نور چیمہ مستقبل میں پاکستان کا نام مزید روشن کرے گی۔ شہباز شریف نے سیاسی سوال کا جواب دینے سے انکار کیا اور صحافی کے سوال پر کہا کہ آج صرف ماہ نور چیمہ سے متعلق بات ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن