شریف خاندان، جہانگیر ترین ،ذکا ء اشرف سمیت 38 چینی ملوں کی مانیٹرنگ شروع
لاہور( این این آئی)فیڈرل بیورو آف ریونیو نے شریف خاندان، جہانگیر ترین اور ذکا ء اشرف سمیت 38چینی کی ملوں کی مانیٹرنگ شروع کر دی،ایف بی آر نے چینی کی سیلز اور اسٹاک کا ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق چینی کی فروخت اور ملوں کے احاطے سے باہر جانے والی چینی کا روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، شوگر ملز کے احاطوں میں غیر معینہ مدت تک ایف بی آر کی مانیٹرنگ ٹیمیں موجود رہیں گی جو سیلز ٹیکس چوری روکنے کے لیے ڈیٹا مرتب کریں گی۔ذرائع کے مطابق جن شوگر ملز میں ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں ان میں رمضان شوگر ملز، جے ڈی ڈبلیو، عبداللہ شوگر ملز، العریبیہ شوگر ملز، المعیز انڈسٹریز، اشرف شوگر ملز، چنار شوگر ملز، اتحاد شوگر ملز، فاطمہ شوگر ملز شامل ہیں جن کی چینی کی پیداوار کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔دیگر شوگر ملوں میں حق باہو شوگر ملز، ہنزہ شوگر ملز، حسین شوگر ملز، انڈس شوگر ملز، جوہر آباد شوگر ملز، جے کے شوگر ملز، کشمیر شوگر ملز، لیہ شوگر ملز، مکہ شوگر ملز، مون شوگر ملز، پتوکی شوگر ملز، رسول نواز شوگر ملز، سفینہ شوگر ملز، سیون اسٹار، شاہ تاج، شکر گنج، شیخو شوگر ملز، ایس ڈبلیو شوگر ملز، رحیم یار خان شوگر ملز شامل ہیں جن پر مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔