چیئرمین پی ٹی آئی کے قتل کی سازش ہو رہی‘ خدشہ ہے جیل میں مار دیا جائے گا: لطیف کھوسہ
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر قانون دان لطیف کھوسہ نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، خدشہ ہے انہیں اٹک جیل میں قتل کر دیا جائے گا۔ حکومت نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ناک سے لکیریں نکلوا دی ہیں، ڈالر 350 روپے کا نہیں مل رہا ہے، بنگلہ دیش، بھارت سے بد تر حالات ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیں، الیکشن لڑنے کا حق دیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی اس ملک کا قرضہ اتار دیں گے، بیرون ملک پاکستانی اس ملک سے بہت محبت کرتے ہیں، تمام جماعتیں محب وطن ہیں، دائرہ اسلام سے خارج اور محب وطن نہ ہونے کے دعویٰ کرنا بند ہونا چاہئے، پاکستان ڈوب رہا ہے اسے ڈوبنے مت دیں، لگتا ہے کہ ن لیگ کو بھی نظر آ رہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم بھکاری بن کر دنیا میں مانگ رہے ہیں، ایک ایٹمی ملک کے لیے شرمناک صورتحال ہے، آپ افغانستان سے بھی بدتر ہیں، اگر اوورسیز کو اعتماد ہو کہ عوام کی نمائندہ حکومت ہو تو وہ سارے قرضے اتار دیں گے، وکلاء کی تحریک ہم نے شروع کر دی ہے، پشاور سے وکلاء تحریک کا آغاز کر رہے ہیں، اس وقت بغیر کہے ڈکٹیٹر شپ ہے، عدلیہ کی آزادی سے جمہوریت بحال ہو گئی، الیکشن کے مثبت نتائج سامنے نہیں آر ہے، سیاسی جماعتوں کو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کریں گے، وکلا میں کوئی تفریق نہیں ہے، وکلا تحریک شروع کر دی ہے، نوے روز میں الیکشن اور بے تحاشا مہنگائی کے خلاف تحریک ہو گی، پشاور سے تحریک کا آغاز ہو گا، موجودہ حالات آمریت سے بدتر ہے یہ غیر اعلانیہ مارشل لا ہے۔ سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ میں دس بارہ دن رہ گئے ہیں وہ اہم ترین مقدمات کے فیصلے کر کے جائیں، انہیں یہ کیس ادھورا چھوڑ کر نہیں جانا چاہئے، وہ حق میں فیصلہ کریں یا خلاف مگر فیصلہ کریں، اس وقت چیف جسٹس پاکستان کا کلیدی کردار ہے اس صورتحال سے نکلنے کا، امید ہے چیف جسٹس اس بے یقینی کو پیچھے چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔