نگران وزیراعظم آئی ایم ایف کی بجائے عوام کے ترجمان بنیں‘اشرف بھٹی
لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم آئی ایم ایف کی بجائے عوام کے مفادات کے ترجمان بنیں۔نگران حکومت الیکشن کروا کے اقتدار منتخب نمائندوں کے سپرد کرے اور گھر جائے۔نگران وزیراعظم کا مہنگائی سے متعلق بیان کہ "ملک میں کہیں بھی مہنگائی نہیں ہے"عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے برابر ہے۔افسوس کا مقام ہے کہ نگران حکومت الیکشن کے علاوہ ہرمسئلہ پر بات کرتی ہے،مگر جو کام وہ کرنے آئے ہیں اس پر ابھی بھی ان کا کوئی واضح موقف ہی سامنے نہیں آیا ہے۔مہنگی بجلی کی بجائے ایک ہزارارب سالانہ کی بجلی چوری، لائن لاسز اور دو سوارب کی سرکاری بیوروکریسی اور حکمران طبقہ کو مفت بجلی کی فراہمی کی سہولت فوری طور پر ختم کی جائے۔ معیشت کی تباہی، مہنگائی، بے روزگاری پی ٹی آئی کی ساڑھے تین سالہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،لہذا نگران حکومت ان فیصلوں کو آگے نہ بڑھائے اور فی الفور عوام کو ریلیف دے۔بجلی اور پٹرول کے نرخ کم کئے جائیں،جو جنوبی ایشیا کے سبھی ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں سب سے زیادہ ہیں۔