اسلام پیارومحبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے:غلام مرتضیٰ شازی
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مذہبی سکالر مولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا ہے کہ اسلام نے ہمیں اللہ اور اس کے پیارے نبی حضرت محمد ؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے اور آپس میں پیارومحبت اور بھائی چارے کا درس دیا بد قسمتی سے اکثریتی مسلمان آج اسلامی تعلیمات کو فراموش کر چکے ہیں جس کی وجہ سے عالم اسلام مصیبت اور پریشانیوں کا شکار ہے، فلسطین،کشمیر اور دیگر اسلامی ممالک میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے، ضرورت اس اًمر کی ہے کہ اسلامی تعلیمات کو پھر سے عام کیا جائے اور ان پر عمل پیرا ہوا جائے تاکہ ہم سماجی برائیوں سے نجات پاسکیں اور اقوام عالم میں اپنے کھوئے ہوئے تشخص کو بحال کر سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دینی اجتماع سے خطاب کرتے کیا، مولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات سے ہمیں حقوق العباد، حقوق اللہ اور نباتات کے حقوق کا درس ملتا ہے نبی کریم ؐ کی سیرت طیبہ پوری انسانیت کیلئے سرچشمہ رشد و ہدایت ہے۔