ایس ایم ایز کا فروغ ،سمیڈا کیساتھ اشتراک جاری رہے گا:چیف سیکرٹری خیبر پی کے
لاہور(کامرس رپورٹر )خیبر پی کے گورنمنٹ نے ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کیلئے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی "سمیڈا" کی خدمات کا اعتراف کرتے یقین دہانی کرائی کہ صوبے میں ایس ایم ایز کو فروغ دینے کے سلسلے میں سمیڈا کیساتھ اشتراک عمل جاری رکھا جائیگا۔ چیف سیکرٹری خیبر پی کے ندیم اسلم چوہدری کی طرف سے سمیڈا میں موصول شدہ مراسلے میں کہا گیا کہ سی ای او فرحان عزیز خواجہ کی قیادت میں محدود مالی و انسانی وسائل کے باوجود متعدد اہم اقدامات متعارف کرائے گئے جن میں نیشنل آئیدیا لیب، ایس ایم ای ون ونڈو اور ایس ایم ای ڈیٹا بیس کی تیاری جیسے منصوبے قابل ذکر ہیں۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ سمیڈا کے نئے اقدامات ملک میں ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے مہمیز ثابت ہونگے۔ انہوں کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت کی طرف سے سمیڈا سے بھر پور تعاون جاری رکھا جائے گا۔