آزاد کشمیر میں مہنگائی، بجلی بلوں کیخلاف پہیہ جام، شٹر ڈائون، ریلیاں دھرنے
کوٹلی؍ میر پور؍ عباس پور؍ تتہ پانی (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) آزاد کشمیر میں مہنگائی اور بھاری بجلی بلوں کیخلاف مکمل ہڑتال رہی۔ چھوٹے بڑے شہروں میں پہیہ جام، شٹر ڈاؤن رہا، ریلیاں نکالی اور مختلف مقامات پر دھرنے دیئے گئے۔ عوامی ایکشن کمیٹی، سول سوسائٹی اور تاجر تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاج میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ محکمہ برقیات کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔ تفصیل کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد کشمیر بھر میں مہنگائی، بجلی بلوں میں اضافی ٹیکسز کیخلاف پہیہ جام، شٹر ڈائون ہڑتال رہی۔ بھر پور احتجاج ہوا، مکمل شٹر ڈائون، پہیہ جام رہا جبکہ شہید چوک میں ہزاروں افراد نے سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر اپنے پر امن احتجاج کی ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ پہلی مرتبہ بارہ ہزار سے زائد دکانوں پر مشتمل شہر میںپرائیویٹ سکولز، کالجز میڈیکل سٹورز اور میڈیکل لیب، پرائیویٹ ہسپتال، ہوٹلز، تندورکے شٹر ڈائون جبکہ گڈز، پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کی بندش سے پہیہ جام رہا۔ صبح کا آغاز ہوتے ہی ہزاروں کی تعداد میں تاجران، وکلائ، میڈیا نمائندگان، سول سوسائٹی کے اراکین سمیت مختلف فورمز کے ذمہ داران ڈگری کالج گرائونڈ پہنچنا شروع ہو گئے۔ گلہار شریف، پلہتر، پنگ پیراں، کڑتی، منڈی، چوکی مونگ، دھمول، رولی، ساردہ، تھلہیر، کلاہ سمیت شہر کے قرب و جوار سے جلوسوں کی آمد بارہ بجے تک جاری رہی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا جلوس صدر ڈسٹرکٹ بار سردار غلام مصطفی کی قیادت میں پہنچا۔ مختلف علاقوں کے چھوٹے بڑے جلوسوں کی آمد کے ساتھ ہی ڈگری کالج گرائونڈ سے شروع ہونے والی مرکزی ریلی مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی شہید چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ جہاں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس سے صدر عوامی ایکشن کمیٹی امتیاز اسلم، عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما سید شفقت گیلانی، زونل صدر JKLF ڈاکٹر توقیر گیلانی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سردار غلام مصطفی، صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب یاسر حسن، صدر مرکزی انجمن تاجران ملک محمد یعقوب، آزاد کشمیر کے تاجر رہنما مسعود رضا سیال، سابق امیدوار آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی رضوان ملک، صدر صرافہ یونین ظفر ملک، صدر گڈز ٹرانسپورٹ مسعود عارف، صدر پیٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن چوہدری یونس، صدر AKNS امجد چوہدری، صدر موبائل یونین عبدالقدیر سلطانی، کیمسٹ ایسوسی ایشن کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات اشفاق قریشی، تنظیم تاجران آزاد کشمیر کے چیئرمین پروفیسر حبیب ملک، عامر کشمیری، سردار نیاز و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیدا ہونے والی بجلی پر پہلا حق کشمیریوں کا ہے۔ آزاد کشمیر سے چار ہزار میگا واٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے جبکہ یہاں کی ضرورت چار سو میگا واٹ ہے لیکن یہاں بجلی کم سے کم ٹیرف پر فراہم کئے جانے کے بجائے بھاری ٹیکسز کے ساتھ فراہم کی جا رہی ہے۔ سرکاری آٹے کی غیر منصفانہ تقسیم کے ساتھ ساتھ غیر معیاری آٹے کی فراہمی یہاں کے عوام کے ساتھ بد ترین زیادتی ہے۔ ہمار ے لوگ بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں جبکہ حکمران خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ اب عوام اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہو گئے ہیں۔ میرپور کی تاریخ میں سول سوسائٹی کا پہلا کامیاب شٹر ڈاون، پہیہ جام ہڑتال اور پر امن احتجاج نے سیاستدانوں کو آئینہ دکھا دیا۔ میرپور کے تمام بازار مکمل بند تھے۔ پنڈال میں صبح نو بجے سے ہی شہریوں نے آنا شروع کر دیا تھا۔ لوگوں نے ہاتھوں میں مہنگائی اور بجلی کے ناجائز بلوں کے خلاف بینرز پکڑے ہوئے تھے جن پر ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے، ہمارا حق ہمیں دو۔ ڈیم ہمارا، بجلی ہماری جیسے نعرے درج تھے۔ بجلی کے اضافی ناجائز بلوں اور موجودہ مہنگائی، ہریام پل کی تاحال مکمل تعمیر نہ ہونے پر میرپور ڈویژن کے لوگوں نے شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنایا۔