• news

کرنسی مارکیٹ پر کریک ڈائون، ڈالر 7روپے گرگیا، سونا 6300روپے تولہ سستا

کراچی (کامرس رپورٹر) مقامی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کو روکنے کیلئے گزشتہ روز انتظامیہ کی جانب سے کریک ڈاؤن کیا گیا اور ملک بھر میں ایکس چینج کمپنیوں کے باہر سادہ لباس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کئے گئے، جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 7روپے کی نمایاں کمی واقع ہوئی۔ جس کے  بعد327 سے گھٹ کر 320روپے کی سطح پر آگیا، جبکہ انٹر بنک میں ڈالر کی قدر1.46روپے اضافہ سے 305.64روپے سے بڑھ کر307.10 روپے ریکارڈ کی گئی۔  یورو کی قیمت فروخت 15روپے کمی سے 338  اور برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت17روپے کمی سے395روپے کی سطح پر رہی۔ فاریکس ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا ہے کہ ہم نے انتظامیہ سے خود درخواست کی ہے کہ ایکسچینج کمپنیوں کے باہر سادہ لباس میں اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ ہمارے اراکین نے شکایات کی تھی کہ بلیک مافیا ایجنٹ ایکسچینج کمپنیوں میں آنے والے لوگوں کو پریشان کرتے ہیں۔ اس وقت مارکیٹ میں ڈالر وافر مقدار میں موجود ہے۔ دوسری جانب ایکس چینج کمپنیزکے سیکرٹری جنرل ظفر پراچہ نے سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اس حوالے سے سٹیٹ بنک کو تحریری شکایت درج کرا دی ہے۔ دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت9ڈالر کمی سے1931ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت6300روپے کمی سے 2لاکھ 32ہزار 800روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 5402 روپے کمی سے  1لاکھ 99ہزار 588روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 100روپے کمی سے 2800روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن