یاسمین راشد‘ محمود الرشید‘ اعجاز چودھری سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع
قلاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے سانحہ نو مئی کو جناح ہائوس پر حملہ کرنے کے مقدمہ میں غداری کی دفعات شامل کرنے کے کیس میں اعجاز چوہدری اور ڈاکٹر یاسمین راشد‘ میاں محمود الرشید کو خدیجہ شاہ سمیت آٹھ خواتین و دیگر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے خواتین ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر انیس ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل نے کیس پر سماعت کی۔ پولیس تفتیش میں ملزمان کے خلاف پہلے سے درج مقدمہ میں غداری اور حساس اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے کی نئی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ منگل کو سماعت پر خدیجہ شاہ اور تحریک انصاف کی کارکنوں ملزمہ صنم جاوید، عالیہ حمزہ، عائشہ بھٹہ، عنبرین راجہ، روبینہ جمیل کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت پیش کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے تھانہ شادمان میں جلائو گھیرائوکے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد و دیگر ملزمان کی بعد ازگرفتاری درخواست ضمانت خارج کردی۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ مقدمے میں نئی دفعات شامل ہو چکی ہیں، نئی دفعات کے تحت ملزمان سے تفتیش کرنی ہے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سانحہ نو مئی کو جناح ہاؤس پر حملے کے الزام میں درج مقدمے میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ سمیت 35 ملزمان کی ضمانتوں پر سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے سماعت کی۔