• news

چینی کی قیمت 235 روپے تک جا پہنچی، دودھ، پتی بھی مہنگے، شہری چائے چھوڑنے لگے

لاہور؍ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں چینی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ بعض علاقوں میں چینی 230 روپے کلو تک جا پہنچی ہے۔ دوسری جانب دودھ اور چائے کی پتی کے نرخ بھی بڑھ گئے ہیں جس سے چائے خانوں پر رش کم ہو گیا اور شہری چائے چھوڑنے پر مجبور ہونے لگے ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے کا مزید اضافہ ہوا ہے جس کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 220 سے بڑھ کر 225 روپے ہوگئی ہے۔ شہر کے مضافات میں چینی فی کلو 230 روپے تک بھی فروخت کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں ہول سیلز بازار میں چینی کی فی کلو قیمت  174 روپے ہوگئی ہے۔ ریٹل 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ ادھر پشاور میں پرچون میں چینی فی کلو 200 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 181 روپے ہے۔ کراچی میں مہنگائی کی وجہ سے چائے کے ہوٹلوں پر عوام کا رش کم ہوگیا ہے۔ ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ چینی مہنگی ہونے سے 60  روپے والا چائے کا کپ 70 روپے کا ہوگیا ہے۔ چینی، دودھ اور  پتی کے علاوہ بجلی اور گیس بھی چائے مہنگی ہونے کی وجہ ہیں۔ ہوٹل مالکان کے مطابق کٹ چائے (آدھاکپ) بھی 50  روپے کے بجائے 60 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔ دوسری جانب بعض شہریوں نے کہا چائے مجبوری ہے، چھوڑ نہیں سکتے، دودھ اور چینی کم ڈال کر بھی پی لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن