چینی، آٹا، سمیت ضروریات زندگی کی ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ، قطعی ناجائز، علماء کا فتویٰ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل نے دارالافتاء پاکستان کے تعاون سے فتویٰ جاری کیا ہے کہ چینی، آٹا اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء کو ذخیرہ کرنا یا سمگلنگ کرنا قطعی طور پر جائز نہیں ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی ہدایت پر دارالافتاء پاکستان و پاکستان علماء کونسل کے مفتیان مفتی عمر فاروق، مفتی فلک شیر، مفتی نسیم الاسلام، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا نعمان حاشر، مولانا ابو بکر صابری، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا محمد اسلم صدیقی اور دیگر نے فتویٰ جاری کیا ہے کہ آٹا، چینی اور وہ اشیاء جو انسانی زندگی کیلئے لازم ہیں ان کی ذخیرہ اندوزی کرنا یا سمگلنگ کرنا قطعی طور پر جائز نہیں ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف حکومت کو سخت سے سخت کارروائی کرنی چاہئے۔