امریکی سفیر کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ، آئی جی سمیت اعلیٰ افسروں سے ملاقات
لاہور (نامہ نگار) پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت دیگر پولیس افسران سے ملاقات کی۔ امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹین ہاکنز، اکنامکس آفیسر ڈگلس جونسٹن، سکیورٹی اتاشی مائیک ڈائمنڈ، سکیورٹی ایڈوائزر صفدر علی راؤ وفد میں شامل تھے۔ دوران ملاقات پنجاب پولیس اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ سکیورٹی امور میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ امریکی سفیر نے دہشت گردی، مذہبی انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد میں پنجاب پولیس کی قربانیوں، کردار اور کامیابیوں کو سراہا۔ پنجاب پولیس اور امریکی سکیورٹی اداروں کے مابین دہشت گردی و شدت پسندی کے تدارک کیلئے ورکنگ ریلیشن شپ بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا جبکہ امریکہ کے سکیورٹی ٹریننگ پروگرامز میں پنجاب پولیس کے نوجوان افسران کی نمائندگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کسی بھی امریکی سفیر کا سنٹرل پولیس آفس کا یہ پہلا دورہ تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں آنے والے امریکی شہریوں، سرمایہ کاروں اور ماہرین کی فول پروف سکیورٹی اولین ترجیح ہے جس کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسران واہلکار شب و روز مصروف عمل ہیں۔ پنجاب پولیس صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے پر کاربند ہے۔ پنجاب پولیس 15 فیصد خواتین پولیس افسران و اہلکاروں پر مشتمل ہے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس تحفظ مراکز کی وکٹم سپورٹ خواتین افسران کو جدید تربیت فراہم کرنے پر یو ایس آئی ڈی کا شکریہ ادا کیا۔