24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 53 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق
لاہور(اے پی پی)سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 53 نئے مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد رواں سال کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 1511 ہو گئی۔منگل کو اس حوالے سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز لاہور میں سامنے آئے جن کی تعداد 590 ہے۔علی جان خان نے بتایا کہ گزشتہ روز لاہور میں ڈینگی کے 28 نئے مریض سامنے آئے، راولپنڈی میں 8، ملتان میں 3، گوجرانوالا اور نارووال میں دو دو جبکہ فیصل آباد، گجرات، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، خانیوال، رحیم یار خان، پاکپتن، سرگودھا اور چکوال میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 60 مریض زیر علاج ہیں جن کی حالت تسلی بخش ہے، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں کل 28 مریض زیر علاج ہیں، رواں سال کے دوران پنجاب کا کوئی بھی شہری ڈینگی کی وجہ سے جاں بحق نہیں ہوا۔