کشمور: مغویوں کی بازیابی کی یقین دہانی پر ہندو برادری کا4 دن سے جاری دھرنا ختم
کراچی (نوائے وقت رپورٹ ) کشمور میں پولیس اور حکومت سے کامیاب مذاکرات اور مغویوں کی بازیابی کی یقین دہانی کے بعد ہندو برادری نے 4 دن سے جاری دھرنا ختم کردیا۔ مغویوں کے اہل خانہ کے وفد نے نگران صوبائی وزیر داخلہ حارث نواز سے ملاقات کی جس کے بعد نگران صوبائی وزیر داخلہ نے ایس ایس پی کشمورکے ہمراہ دھرنے کے شرکا سے مذاکرات کیے۔4 دن سے بند انڈس ہائی وے پر ٹریفک بحال ہوگیا، قومی شاہراہ ببرلو کے مقام پربھی دھرنا ختم کردیا گیا اور دھرنے کے شرکا پرامن طور پرمنتشر ہوگئے۔ نگران وزیرداخلہ نے مغویوں کی جلد بازیابی اور 48 گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے ہیں۔