• news

ایپکا کا مہنگائی اور پنشن رولز ترمیم کیخلاف کئی شہروں میں احتجاج

گوجرانوالہ؍ حافظ آباد؍ فیصل آباد؍ سرگودھا؍ ساہیوال؍ چنیوٹ؍ قصور؍ ننکانہ صاحب؍ الہ آباد ؍ ٹھینگ موڑ (نمائندگان نوائے وقت+ نمائندگان خصوصی+ نامہ نگاران)  آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے حکومت کی طرف سے ملازمین کے حقوق پر ڈاکہ اور شب خون مارنے، جان لیوا پالیسیوں، اور بے حسی، لیو انکیشمنٹ اور پنشن رولز میں ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ روز پنجاب بھر میں سرکاری ملازمین نے دفتروں کی تالہ بندی کرتے ہوے سڑکوں پر نکل آئے۔ صدر ایپکا فیصل آباد ڈویژن چوہدری مقصود احمد گجر و دیگر نے گورنمنٹ سے مطالبہ کیا کہ پنجاب ملازمین کے خلاف نکلنے والے پنشن اور لیو انکیشمنٹ و دیگر ناجائز نوٹیفیکیشنز کو فی الفور واپس لیا جائے۔ سرگودھا میں اپیکا کی کال پر خواتین سمیت سرکاری ملازمین نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اپنے مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال کر کے دفاتر کی تالہ بندی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کئے۔ ساہیوال میں ایپکا کی طرف سے پنشن اور لیوانکیشمنٹ رولز میں ترمیم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جبکہ چنیوٹ میں دفعہ 144کی خلاف ورزی مہنگائی کے خلاف سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر احتجاج کیا۔ایپکا ایجوکیشن ونگ کے زیر اہتمام ایجوکیشن ونگ اپیکا ضلعی باڈی نے اپنے مطالبات کے حق میں ریلی نکالی ۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں احتجاجی ریلی کی قیادت ڈویژنل صدر و مرکزی سینئر نائب صدر ایپکا میاں عبدالشکور‘ طاہر محمود بھٹی‘ وائس چیئرمین ایپکا پنجاب رانا جمشید احمد خاں‘ محمد اقبال گوندل‘ چیئرمین ایپکا گوجرانوالہ مقصود حسین‘ ڈویژنل جنرل سیکرٹری  رانا منظور احمد‘ ملک افتخار احمد‘ محمد عارف کھوکھر‘محمد آصف سعید ڈھلوں‘ رانا ارشاد احمد‘ مہر محمد افصل و دیگر نے کی۔ حافظ آباد میں  احتجاجی ریلی گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول سے بس سٹینڈ تک نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی چیئرمین ناصر امین، ریاض احمد تارڑ، عقیل آزاد، فیاض احمد وڑائچ، چوھدری اصغر علی ہنجرا، ملک علی شبر، شبیر احمد گجر، میاں محمد سلیمان، ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن طالب حسین باجوہ، ایس ایس اے ایسوسی ایشن خالد جاوید ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن راناوقاراحمد خاں انگلش ٹیچرز ایسوسی ایشن فاروق بزمی پرائمری ایلیمنٹری ایسوسی ایشن چوھدری خالدپرویز ایم سی کیڈرز کے ساتھ ایپکا ضلع حافظ آباد سی بی اے اسلم سندھو پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ شفیق شاہ محکمہ جنگلات سے قمرالزمان کمبوہ، امان اللہ سپیشل ایجوکیشن افضال احمد کالج ونگ نے کی۔ علاوہ ازیں ضلعی صدر نصر اﷲ ہنجرا، رانا امجد فریدی، عبدالمجید گجر، رانا صدف، رائے حسن علی، محمد امین انصاری نے ریلی کی قیادت کی۔ قصور میں صوبائی صدر مہر محمد یاسین کی زیر قیادت حالیہ مہنگائی اور ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جو کچہری چوک سے شروع ہوکر احاطہ آفس ڈپٹی کمشنر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ ننکانہ صاحب میں  ضلعی صدر حاجی محمدا کرم گجر، چوہدری منیر انجم، وقار علیم، مظہر السلام وٹو ودیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی آر قوانین میں ترمیم سے ملازمین کا معاشی قتل کیا گیا ہے، لیو انکیشمنٹ میں تبدیلی سے فی ملازم 4لاکھ سے 20لاکھ تک نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب ٹیچرز یونین کی طرف سے گورنمنٹ گورونانک ہائیرسیکنڈری سکول میں احتجاج کیا اساتذہ نے مطالبات کے حق اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ضلعی صدر پنجاب ٹیچرز یونین چوہدری منیر انجم نے کہا کہ پنجاب حکومت ریٹائرمنٹ کے قوانین میں ترامیم فوری واپس لے۔ الہ آباد ٹھینگ موڑ میں صوبائی صدر مہر محمد یاسین کی زیر قیادت حالیہ مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جو کچہری چوک سے شروع ہوکر آفس ڈپٹی کمشنر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن