• news

محسن نقوی کا دورہ سیالکوٹ، علامہ اقبال ہسپتال کی حالت زار پر برہمی

لاہور‘ سیالکوٹ (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیالکوٹ میں علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال، رنگ پورہ تھانہ اور سیالکوٹ سمبڑیال روڈ کا 4 گھنٹے طویل دورہ کیا۔ ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گندی وخون آلود بیڈ شیٹس اور میٹرس میں کھٹمل پائے گئے، وارڈز میں لال بیگ اور کیڑے رینگتے نظر آرہے تھے جبکہ سیم زدہ دیواریں، ناقص صفائی، واش رومز کی ابتر صورتحال تھی۔ مریضوں اور تیمار داروں نے ہسپتال کے گارڈزکے ناروا سلوک اور پیسے لینے کی شکایات کیں جبکہ مریضوں اور تیمارداروں نے بعض ٹیسٹ باہر سے کرانے کی بھی شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں سہولتوں کے فقدان اور خراب صورتحال دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا اور پرنسپل اور ایم ایس کو وارننگ دی۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ہسپتال کی صورتحال کو فوری طور پر درست کیا جائے اور مریضوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ہونا چاہیے۔ بچہ وارڈ میں زیر علاج 4 سالہ بچی حیا فاطمہ کو فوری طورپر خصوصی ایمبولینس میں چلڈرن ہسپتال شفٹ کرنے کی ہدایت کی۔ ایک خاتون کی شکایت پر پیسے لینے والے پولیس اہلکار اور ہسپتال گارڈ کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس نے پولیس اہلکار اور ہسپتال گارڈ کو فوری گرفتار کر لیا اور دونوں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔ خاتون نے رقم کی واپسی اور فوری داد رسی پر وزیراعلی محسن نقوی کو دعائیں دیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فرسٹ فلور کی چھت پر موجود تیمارداروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے۔ تیمارداروں خصوصاً خواتین نے ہسپتال گارڈز کی جانب سے پیسے لینے اور ناروا سلوک کے بارے میں شکایات کیں۔ محسن نقوی نے ہسپتال کے گارڈز کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی ہسپتال کے دورے کے بعد رنگ پورہ تھانہ پہنچے اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر شہریوں کی درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی سے  امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع، زراعت، سیاحت، تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کثیر الجہت نوعیت کے ہیں۔ محسن نقوی نے حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان الہجویریؒ  کے عرس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سماع ہال میں محفل سماع کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ لنگر خانے اور لنگر کی تیاری کی جگہ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عقیدت مندوں کے لئے تیار لنگر کھا کر معیار کو چیک کیا۔ وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے یادگار شہداء  پر پھول چڑھائے اور شہدا ء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ شہداء قوم کے سرکا تاج اور سرمایہ افتخار ہیں۔ یوم فضائیہ پر پیغام میںمحسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965 کی جنگ میں فضاؤں میں مکمل حکمرانی قائم کی اور ایم ایم عالم نے ایک منٹ کے اندر بھارت کے 5 طیارے تباہ کر کے تاریخ رقم کی۔ 7ستمبر کو پا ک فضائیہ کے شاہینوں نے مکار دشمن کی فضائی طاقت کو خاک میں ملا دیا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار یوم شہداء و دفاع کی خصوصی تقریب کا انعقادکیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے الحمراء آرٹس کونسل میں منعقدہ یوم شہداء و دفاع کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام 6ستمبر کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

ای پیپر-دی نیشن