• news

پریس کانفرنس نہیں کرونگا، پی ٹی آئی میں شجاعت نے بھیجا: پرویزالٰہی

اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کا کہنا ہے کہ ان کا پریس کانفرنس کا بالکل ارادہ نہیں۔ اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پرویز الہی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ میں ہی کسی سے ملاقات نہیں کرنا چاہتا۔ پرویز الہی کا کہنا تھا کہ زرداری، نواز اور شہباز شریف اپنا پیسہ لے آئیں تو ملک کے مالی حالات ٹھیک ہو جائیں۔ پرویز الٰہی نے ایک سوال پر جواب دیا کہ انہیں تو شجاعت حسین نے خود پی ٹی آئی میں بھیجا ہے جس کے بعد پرویز الٰہی سے سوال کیا گیا کہ شجاعت حسین پھر خود پی ٹی آئی میں کیوں نہیں آتے؟ جس پر پرویزالٰہی نے کہا کہ شجاعت حسین پی ٹی آئی میں سالک حسین کی وجہ سے نہیں آتے کیونکہ سالک حسین کو وزیر بننے کا بہت شوق تھا۔ چودھری پرویز الٰہی کے بیان پر ق لیگ کے رہنما چودھری سالک حسین نے کہا ہے کہ پورے پاکستان اور پی ٹی آئی کو پتا ہے کہ وزیر بننے کا شوق کسے تھا،  چودھری شجاعت ان کے اصرار پر تین بار پی ٹی آئی کے پاس گئے کہ مونس کو وزیر بنا دو۔ انہی کے اصرار پر پی ڈی ایم سے ان کیلئے وزارت اعلیٰ مانگی مجھے نہ تب وزیر بننے کا شوق تھا نہ اب ہے۔

ای پیپر-دی نیشن