دشمن کو عوام اور فوج کے رشتے میں دراڑ نہیں ڈالنے دینگے: شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ
اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار + این این آئی) صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بار پھر اسی طرح پاکستان کے لئے ایک ہونے اور چھ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم کی ضرورت ہے۔ سابق وزیر اعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ جنگ ستمبر عوام اور فوج کے دفاع وطن کیلئے ایک جان ہوکر لڑنے کی سنہری تاریخ کا یادگار دن ہے۔ یہ وہی دن ہے جب پاکستان کے شیر دلیر عوام اور افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی تھی۔ پاک فضائیہ، بحریہ، بری افواج نے بے مثال شجاعت، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوایا تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ قوم شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے جانیں قربان کر کے ارض پاک کی سلامتی کو یقینی بنایا۔ جب دشمن نے للکارا تھا تو پوری قوم ہر طرح کی تقسیم مٹا کر ایک ہو گئی تھی۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے یوم دفاع پاکستان پر شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ6 ستمبر1965 ء ایسا تاریخی اور یادگار دن ہے جب طاقت کے نشے میں چور کئی گنا بڑے دشمن کو وسائل اور تعداد میں کہیں کم ایک قوم نے ناکوں چنے چبوا دیئے تھے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سمندر، صحرا، فضا، فلک بوس چوٹیوں اور میدانوں میں، ہر جگہ، ہر محاذ پر ہماری افواج نے شجاعت اور بہادری کے وہ کارنامے دکھائے جس نے دشمن کو عبرت کی مثال بنا دیا تھا۔9 مئی جیسے سیاہ واقعات دشمن کی سازش کا حصہ ہے جسے قوم برداشت نہیں کرے گی۔ مضبوط افواج، امن معاشی بحالی کے ضروری تقاضے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج عظیم قربانیاں دے رہی ہیں۔ عوام اور افواج پاکستان کے مظبوط رشتے میں دشمن کو دراڑ نہیں ڈالنے دیں گے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کیلئے شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے جذبے اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ جذبہ، ولولہ اور جرات و بہادری سے ہر دشمن کو شکست دی جا سکتی ہے۔