یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا گیا: شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی، پھول چڑھائے گئے
اسلام آباد؍ کراچی؍ بوریوالہ؍ گگومنڈی؍ جہلم؍ ہارون آباد/گجرات (خبر نگار خصوصی +آئی این پی+ اے پی پی+ نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت ) 6 ستمبر 1965 کو دشمن کے دانت کھٹے کرنے پر ملک بھر میں 58 واں یوم دفاع پاکستان ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔6 ستمبر 1965 کو پاک فوج کے بہادر جوانوں نے مکار دشمن کی تمام تر چالوں کو ناکام بنایا تھا۔ دن کے آغاز پر نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کیلئے فاتحہ اور قرآن خوانی کی گئی۔ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل نوید اشرف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ میجر محمد طفیل شہید کے مزار پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں میجر جنرل علی اقبال نے شرکت کرتے ہوئے پاک فوج کے تازہ دم دستے کے ہمراہ سلامی دی۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پر ڈی پی او وہاڑی عیسی خاں سکھیرا، ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ اور ڈی ایس پی عمر فاروق نے میجر طفیل شہید کو سلامی دیتے ہوئے پھولوں کی چادریںچڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ میجر جنرل علی اقبال نے چیف آف آرمی سٹاف حافط عاصم منیر کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ میجر جنرل علی اقبال نے کہا کہ مادر ملت کے ہزاروں بیٹوں نے جانیں دے کر وطن کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور ارض وطن کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ لانس نائیک نعیم خورشیدسمیت سپاہی گل محمد اور حوالدار عبد الرزاق شہید کی یاد گاروں، قبروں پر فوجی افسران نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ عزیزو اقارب سے گفتگو کرتے ہوئے میجر محمد صابر نے کہا اپنے شہداء کو جنہوں نے اپنی اس قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے آج ان شہیدوں کی قربانی کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سو رہے ہیں اور انہی شہداء اور غازیوں کی قربانی کا نتیجہ ہے جن کی بدولت آج اس وطن عزیز میں ہم سکون سے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ان شہیدوں، غازیوں اور ان سے جڑے تمام رشتوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ 59واں یوم دفاع شوق شہادت کی سنہری یادوں کا امین ہماری ملکی تاریخ کا یوم فخر ہے۔ آج بھی ملک پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے ہر فرد تیار ہے اور آج کا دن ان عظیم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے یوم دفاع کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میجر اکرم شہید پارک میں منعقدہ اس تقریب میں میجر جنرل ندیم اشرف، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ، اعلی فوجی و سول افسر، میجر اکرم شہید کے اہلخانہ سمیت دیگر شہدائے پاک فوج کے اہلخانہ اور سماجی و سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار پر خصوصی سلامی پیش کی گئی اور پھول چڑھائے گئے۔ گورنمنٹ گرلز سکول نمبر 1 میں یوم دفاع کی تقریب سے طالبات کی جانب سے یوم دفاع کے حوالے سے مختلف ٹیبلو پیش کئے گئے جن کو تمام شرکاء نے سراہا۔ کراچی میں مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ مہمان خصوصی پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیروائس مارشل غضنفر لطیف تھے۔ ایئر وائس مارشل غضنفر لطیف نے اس موقع پر مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر رکھی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے۔ نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ یوم دفاع ہمیں ہماری مسلح افواج کی بے مثال جرات اور بہادری کی یاد دلاتا ہے، دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وطن عزیز کو آج انتہا پسندی، دہشت گردی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے اندرونی و بیرونی خطرات کے خلاف دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں۔ ملکی سالمیت اور ترقی کے خلاف ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ مرکزی تقریب میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر لادیاں میں ہوئی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ 17 ڈویژن محمد شمریز، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے شرکت کی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کے درجات کی بلندی اور ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور شہداء ہمارا فخر ہیں۔ 6 ستمبر کا دن ہمیں پاک فوج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گوجر خان میں سوار حسین شہید (نشان حیدر) کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے جری سپوت سوار محمد حسین شہید نے ملکی دفاع کو محفوظ بناتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ کیپٹن سرور شہید، سوار محمد حسین شہید سمیت پورے ملک کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔مرکزی تقریب یادگار شہداء جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی۔ انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایولوشن نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے ان تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے مادر وطن کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، پنوں عاقل، وانا، وزیرستان اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ پاکستان آرمی کی دیگر تمام فارمیشنز اور یونٹوں میں بھی یوم دفاع و شہداء پْروقار انداز کے ساتھ منایا اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔