معاشی مسائل پرکاروباری برادری کشمکش کا شکار ہے:شیخ فیصل ایوب
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کے صدر شیخ فیصل ایوب نے وفد کے ہمراہ چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو گوجرانوالہ عاصم افتخارسے اہم ملاقات کی،وفد میں سابق صدور اخلاق احمد بٹ ،ملک ظہیر الحق ،خواجہ ضرارکلیم،رانا شہزاد حفیظ اور چیمبر کے ٹیکس ایڈوائزر شفاقت علی بٹر شامل تھے۔ شیخ فیصل ایوب نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں کاروباری برادری کشمکش کا شکار ہے ۔مسائل بہت زیادہ ہیں ہماری گزارش ہے کہ مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ایف بی آر سمیت تمام محکمے بزنس کمیونٹی کی داد رسی کریں۔انہوںنے کہا کہ بزنس کمیونٹی ٹیکس دینا چاہتی ہے لیکن جب تک صنعتی پہیہ نہیں چلے گا تو کاروباری لوگ ٹیکس کس طرح ادا کر سکیں گے۔ہماری خواہش ہے کہ ٹیکسز سے متعلقہ مسائل ٹربیونل اور عدالتوں کی بجائے باہمی مشاورت کے ساتھ حل ہوں اس سے محکمہ کو ریونیو بھی ملے گا اور کاروباری برادری کو آسانی بھی میسر آئے گی ،عاصم افتخا رچیف کمشنر ان لینڈ ریونیو نے کہاکہ گوجرانوالہ چیمبرکے وفد نے جن مسائل کی طرف نشاندہی کروائی ہے وہ حقیقت پر مبنی اور میرٹ پر ہے ،یقین دلاتا ہوں کہ ان مسائل کو فوری حل کر کے بزنس کمیونٹی کی مشکلات کو کم کیا جائے گا۔