• news

پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل سے نقصان کے ازالہ کا مطالبہ کردیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے ایشیا کپ کے دوران بارشوں سے متاثر ہونے والے میچز کی وجہ سے ہونے والے مالی نقصان کے ازالے کا مطالبہ کر دیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کا ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کو لکھا جانے والا احتجاجی خط سامنے آگیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے خط میں وینیو منتقل کرنے کے حوالے سے احتجاج کیا ہے۔خط میں کہا گیا کہ غیر پیشہ وارانہ طرزِ عمل کے احتجاج کے طور پر یہ خط لکھا جارہا ہے، اے سی سی کی سطح پر فیصلہ سازی نے غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل اختیار کیا۔پی سی بی نے ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دیے جانے پر متعدد مرتبہ اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ سری لنکا کا انتخاب کرنے کے موقع پر بارش کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا، ان تحفظات پر اے سی سی نے کوئی توجہ نہیں دی۔ پی سی بی کو بتایا گیا کہ ایمرجنسی میں ہمبنٹوٹا کا وینیو تجویز کیا گیاہے۔ بھارت اور نیپال کے میچ کے اختتام پر بھی کینڈی میں پی سی بی اور سری لنکا کرکٹ کے نمائندوں کا اجلاس ہوا، دونوں بورڈز نے لاجسٹک کے انتظامات شروع کردیے لیکن 5 ستمبر کی صبح 10 بج کر 39 منٹ پر اے سی سی کی جانب سے ای میل موصول ہوئی،  تاہم 27 منٹ  بعد اے سی سی کی جانب سے پی سی بی کو آخری ای میل نظر انداز کرنے کا کہا جاتا ہے۔ ذکاء اشرف نے خط میں احتجاج کیا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ یکطرفہ فیصلے کون کررہا ہے اور میزبان کو پوچھنا اور مشورہ کرنے کا عمل کیوں نہیں کیا گیا، بارش سے متاثرہ میچز کی گیٹ منی کا نقصان کا ذمہ دار کون ہوگا؟ متاثرہ میچز کی وجہ سے اے سی سی کے ایونٹس کا پوری دنیا میں بدترین تاثر جائیگا، اے سی سی کو بارش سے متاثرہ میچز کی ذمہ داری لینا ہوگی جبکہ مالی نقصان کا بھی اے سی سی کو ازالہ کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن