• news

کچھ عناصر پاکستان کو بدنام کرنے کے درپے کامیاب نہیں ہوں گے: انیق احمد

لاہور(خصوصی نامہ نگار)نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ کچھ عناصر پاکستان کو بدنام کرنے کے درپے ہیںان کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی،پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان کا دنیا بھر میں سافٹ امیج جانا چاہیے،میں پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں کا بھی وزیر ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے  متروکہ وقف املاک بورڈ ہیڈ آفس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطا الرحمن نے ادارے کے اغراض و مقاصد اور سرگرمیوں پر بریفنگ دی ۔وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ وقف اور ٹرسٹ املاک کی دیکھ بھال اور آمدن کے حسابات کا ذمہ دار ہے،پاکستان بھر میں اس کی ایک لاکھ 9 ہزار ایکڑ زرعی و غیر زرعی اراضی موجود ہے،ادارے کے زیر انتظام 11 ہزار 495 رہائشی و کمرشل یونٹس اور 19 پلازے موجود ہیں،99 فیصد املاک اور 92 فیصد زمینوں کی جیو ٹیگنگ مکمل ہو چکی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاک بھارت معاہدے کے تحت 7 ہزار 500 سکھ جبکہ ایک ہزار ہندو یاتری پاکستان آتے ہیں،بورڈ غیر مسلم طلبا ء کو 13 ملین کے تعلیمی وظائف دے رہا ہے۔ وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ متروکہ املاک کے کرائے مارکیٹ ریٹ کے مطابق کیے جائیں،بھارت سے آنے والے ہندو اور سکھ یاتریوں کی تعداد بڑھائی جائے گی،بورڈ غیر مسلم طلبا ء کے وظائف کو بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کرے،بورڈ املاک کو غیر قانونی قابضین سے واگزار کرنے کیلئے فوری اقدام کرو ں گا،بورڈ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر بات کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان کا دنیا بھر میں سافٹ امیج جانا چاہیے،پاکستان آنے والے یاتریوں کو بھرپور سہولتیں فراہم کی جائیں گی،میں پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب کے ماننے والوں کا بھی وزیر ہوں،کچھ عناصر پاکستان کو بدنام کرنے کے درپے ہیں، ان کی کوششیںکامیاب نہیں ہو ں گی۔

ای پیپر-دی نیشن