بریسٹ کینسر قابل علاج،آگاہی سے مرض پر قابو پایا جاسکتاہے، ثمینہ علوی
لاہور(لیڈی رپورٹر)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ بریسٹ کینسر قابل علاج مرض ہے،بریسٹ کینسر کا آغاز ہی سے علاج ممکن ہے،آگاہی اور شعور کو فروغ دے کر اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے، صحت مند عورت خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے، پاکستان میں مستحق مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاہم اس مرض پر قابو پانے کے لیے آگاہی مہم بہت ضروری ہے۔وہ یونیورسٹی آف لاہور اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر، منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد اور مینٹل ہیلتھ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر مریم ملک،ریکٹر یونیورسٹی آف لاہور اویس رؤف ،فیکلٹی ممبران سمیت میڈیکل شعبہ کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ خاتون اول نے کہا کہ بریسٹ کینسر پر بات کرنا کوئی شرم کی بات نہیں،خواتین کو ہر ماہ 5 منٹ کیلئے اپنا جسمانی معائنہ کرنا چاہیے اور کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں ڈاکٹر سے رجو ع کرنا چاہیے ، خواتین کل آبادی کا 52فیصد ہیں ان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔