7 لاکھ ٹن گندم کی درآمد کے معاہدے، آٹے کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان
کراچی (کامرس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) ملک میں گندم کی قلت کے پیش نظر نجی شعبے نے ملکی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے گندم کی درآمد کے لیے 12 جہازوں کے سودے کر لئے ہیں۔ پاکستان سرل ایسوسی ایشن کے چیئرمین مزمل چیپل کے مطابق مجموعی طور پر 7 لاکھ میڑک ٹن گندم کی درآمد کے معاہدے کئے گئے ہیں۔ 6 سے 8 کمپنیوں نے مشترکہ طور پر ایک بحری جہاز بک کیا ہے، مزمل چیپل کے مطابق جب سے نجی شعبے نے گندم کی درآمد کے معاہدے شروع کئے ہیں تو مقامی سطح پر قیمتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے اور مقامی سطح پر گزشتہ ایک ہفتے میں گندم کی قیمت میں دس سے 12 روپے کلو کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ساتھ ہی آٹے کی قیمت میں بھی کمی ہو رہی ہے،گندم کے جہاز آنے کے بعد قیمت میں 20 سے 25 روپے کلو مزید کمی کی توقع ہے۔ مزمل چیپل نے بتایا کہ وزات فوڈ سکیورٹی نے بھی نجی شعبے کو گندم منگوانے کی اجازت دے دی ہے، حکومتی اعدادو شمار کے مطابق اس وقت ملک کو 2.5 ملین میٹرک ٹن گندم کی کمی کا سامنا ہے۔ امپورٹرز کے مطابق روس سے تین گندم کے جہاز جلد کراچی پہنچ رہے ہیں۔ پہلا جہاز ایم وی بیکس ہیلیل 15 ستمبر کو کراچی پہنچے گا۔ جہاز میں 60 ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔ دوسرا جہاز 23 سے 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گا۔ تینوں جہازوں میں ساٹھ ہزار میٹرک ٹن گندم آ رہی ہے۔ روسی گندم کراچی پہنچ کر فی کلو قیمت 100 روپے پڑے گی۔ اس وقت اوپن مارکیٹ میں گندم 125 روپے اور آٹا 160 روپے فی کلو ہے۔