• news

اسلام آباد ہائیکورٹ، پرویز الٰہی کی دوبارہ گرفتاری پر دائر توہین عدالت درخواست خارج

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی دوبارہ گرفتاری پر دائرتوہین عدالت درخواست خارج کردی۔گذشتہ روزآئی جی اسلام آباد اور ڈی سی اسلام آباد کے علاوہ دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران پٹیشنر کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ اور سردار شہباز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، درخواستگزار کاکہنا تھا کہ فریقین کو طلب کر کے انکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، سزا دی جائے۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیاکہ پرویز الہی کو رہا نہیں کیا گیا؟ جس پر وکیل نے بتایاکہ پرویز الہی کو رہا کرنے کے بعد پولیس لائنز کے پاس سے گرفتار کیا گیا،عدالت نے کہاکہ پرویز الہی کو رہا نہ کرنے یا دوبارہ کسی اور کیس میں گرفتار کرنے میں فرق ہے،اس عدالت کا ایسا کوئی حکم نہیں کہ انہیں کسی اور کیس میں بھی گرفتار نہیں کیا جا سکتا،اگر اس عدالت کے حکم کے باوجود تھری ایم پی او میں رہا نہیں کیا گیا تو توہین عدالت بنے گی، وکیل نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ نے کسی بھی کیس میں گرفتار نا کرنے کا حکم دیا تھا،عدالت نے کہاکہ پھر توہین عدالت کی درخواست لاہور ہائی کورٹ میں ہو گی،اس عدالت کا ایسا کوئی حکم نہیں،عدالت نے حکم دیا کہ کسی اور کیس میں مطلوب نہیں تو رہا کیا جائے،اگر کسی اور کیس میں گرفتار کیا گیا ہے تو وہ معاملہ متعلقہ ٹرائل کورٹ نے دیکھنا ہے،پرویز الہی تو گاڑی میں آپ کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے،جب انہیں رہا کر دیا گیا تو ہمارے آرڈر کی خلاف ورزی کیسے ہوئی؟، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہاکہ اب تو ایڈووکیٹ جنرل کی سٹیٹمنٹ بھی آ گئی ہے،دلائل سننے کے بعد عدالت نے پرویز الہی کی درخواست خارج کرنے کا حکم سنادیا۔

ای پیپر-دی نیشن