بشریٰ بی بی نیب راولپنڈی آفس میں پیش، سوالوں کے جواب دیئے
اسلام آباد(نامہ نگار،نمائندہ نوائے وقت)چیئرمین تحریک انصاف کی اہلیہ بشری بی بی نیب راولپنڈی آفس میں پیش ہوئیں۔توشہ خانہ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب)نے تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو طلب کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے بشری بی بی سے تحقیقات کیں۔ بشری بی بی نے نیب کی ٹیم کے سوالوں کے جواب دئیے۔ جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں12 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی تو پراسیکیوشن کے افسران بشری بی بی ان کے وکلا سلمان صفدر، انتظار پنجوتھا اور نعیم پنجوتھا عدالت میں پیش ہوئے، تفتیشی افسر نے عدالت موقف اختےار کےا کہ مزید تفتیش کرنی ہے کیس کی ملزمہ سابق خاتون اول کی بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب ہے ان کی عبوری ضمانت منسوخ کی جائے ۔ عدالت نے بشری بی بی کی 12 ستمبر تک عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔