• news

داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات ختم، صدر مملکت کی مزار پر حاضری

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی) حضرت داتا گنج بخشؒ کے 980 ویں سالانہ عرس کی تقریبات گزشتہ± روز اختتام پذیر ہوگئیں۔ ،تیسرے اور آخری روز صدر پاکستان ڈاکٹر عارف الرحمن علوی نے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ان کا کہنا تھا کہ صوفیاءکے اسلوب دعوت کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ برصغیر میں حضرت داتا گنج بخشؒ کی شخصیت ان برگزیدہ ہستیوں میں سرفہرست ہے جنہوں نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ آپ کا آستانِ فیض نہ صرف برصغیر بلکہ پوری اسلامی دنیا میں قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے وزیر اوقاف بیرسٹر سیّد اظفر علی ناصراور سیکرٹری اوقاف ڈاکٹرطاہر رضا بخاری کے ہمراہ مزار شریف پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر پیش کی۔ دریں اثناءانہوں نے جامع مسجد داتاؒ دربار میں جاری روحانی محفل میں بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شاہد حمید ورک، منیجر داتا دربار شیخ محمد جمیل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی نے ملک و قوم کی سر بلندی، کے لئے دعا کروائی۔ صوبائی وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی وزیر اوقاف اور سیکرٹری اوقاف پنجاب کی دستار بندی کی۔

ای پیپر-دی نیشن