• news

3ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ڈیڈ لائن، تعلیم میں پیچھے رہنے والی قوم ترقی نہیں کرسکتی: محسن نقوی

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اجلاس میں محسن نقوی نے نشتر ہسپتال ملتان، ہولی فیملی راولپنڈی اور الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کی اپ گریڈیشن کی تکمیل کے لئے ڈیڈ لائن دی۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ نشتر ہسپتال ملتان کو 15 جنوری تک مکمل طورپر اپ گریڈ کیا جائے اور نشتر ہسپتال ٹو کا کام بھی اگلے 3 ماہ میں مکمل ہونا چاہیے۔ محسن نقوی نے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے امور میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ 31جنوری تک الائیڈ فیصل آباد کی اپ گریڈیشن کا سارا کام مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کمشنر فیصل آباد کو الائیڈ ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے مزید ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں کی ایک ہی پیٹرن پر اپ گریڈیشن کی جائے۔ حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان الہجویریؒ کے عرس کی 3 روزہ تقریبات کے اختتام پر محسن نقوی، سینیٹر اسحاق ڈار، صوبائی وزراءاور لاکھوں عقیدت مندوں نے دعا میں شرکت کی۔ محسن نقوی نے حضرت اما م حسینؓ کے چہلم، حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس اور کرکٹ میچوں پر بہترین انتظامات پر صوبائی وزرائ، انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کو شاباش دی ہے۔ خواندگی کے عالمی دن پر پیغام میں محسن نقوی نے کہا ہے کہ دین اسلام خواندہ معاشرے پر بہت زیادہ زور دیتا ہے اور قرآن مجید کی پہلی آیات میں بھی علم حاصل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ خواندگی افراد کو اپنا معیار زندگی کو بہتر بنانے کا اختیار اور ترقی کرنے کے بے پناہ مواقع فراہم کرتی ہے۔ تعلیم کے میدان میں پیچھے رہنے والی قوم کبھی ترقی نہیں کر سکتی اس لیے تعلیم کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔

ای پیپر-دی نیشن