مسلم لیگ (ن) کا پارلیمانی بورڈ اکتوبر میں الیکشن کیلئے ناموں کا اعلان کرے گا پرانے چہروں پر انحصار کا فیصلہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن کا پارلیمانی بورڈ آئندہ ماہ جنرل انتخابات کی ٹکٹوں کا اعلان کرے گا۔ ذرائع کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ ن نے اکتوبر میں پارلیمانی بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پارلیمانی بورڈ کی صدارت شہباز شریف کریں گے جبکہ نواز شریف پارٹی قائد کے طور پر ٹکٹوں کی تقسیم پر توثیق کریں گے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے پرانے سیاسی چہروں پر انحصار کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن حلقوں میں امیدوار کمزور ہے صرف وہاں نیا چہرہ اور مضبوط امیدوار لایا جائے گا۔ مریم نواز، حمزہ شہباز، پرویز رشید اور اسحاق ڈار پالیمانی بورڈ میں شریک ہوں گے۔ پارلیمانی بورڈ کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔