• news

یوم بحریہ روایتی جوش و جذبہ سے منایا گیا، لاہور، کراچی میں تقریبات

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ نے اپنے غازیوں اور شہداء کے کارناموں اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 58 واں یوم بحریہ منایا۔ جنہوں نے اللہ سبحانہ وتعالی پر گہرے یقین کے ساتھ ایک بڑے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ یوم بحریہ آپریشن 'سومناتھ' کی ایک شاندار یاد ہے، جب پاک بحریہ کے جنگی جہازوں نے ہندوستان کی اہم ساحلی تنصیبات کو تباہ کیا اور اس کے غرور کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی جنگ کے دوران سمندر میں اپنی برتر ی برقرار رکھتے ہوئے دشمن کے لیے ناقابل شکست رہی جس کی وجہ سے ہندوستانی بحریہ نے کھلے سمندر میں پاک بحریہ کے بیڑے کو چیلنج کرنے کی ہمت نہیں کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس موقع پر اپنے پیغام میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ 8 ستمبر پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی بہادری کی علامت ہے، جنہوں نے دوارکہ میں کامیاب بمباری کے دوران ناقابل تسخیر جرت اور ہمت کا مظاہرہ کیا۔ اس دن ہم 1965 کی جنگ کے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 1965 کی جنگ کے شہدا کے لیے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پاک بحریہ کے یونٹس اور تنصیبات میں پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل محمد سلیم نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ لاہور میں بھی یوم بحریہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں کمانڈر سنٹرل پنجاب نے پاک بحریہ کے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور جنگ میں ان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ بحریہ کالجز کے طلبا نے غازیوں اور شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ یوم بحریہ کے موقع پر دیگر تقریبات میں کراچی بندرگاہ پر بوٹ ریلی اور بحریہ ماڈل اسکولز کے طلبہ کی ریلیاں شامل تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن