• news

سانحہ جڑانوالہ: سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی رپورٹ طلب: جوڈیشل کمشن کا فیصلہ 15روز میں کیا جائے: ہائیکورٹ

لاہور اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ جڑانوالہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن کے قیام پر چیف سیکرٹری پنجاب کو 15 روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ دوسری طرف سپریم کورٹ نے سانحہ پر جے آئی ٹی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ابھی تک کوئی جوڈیشل کمیشن بنا ہے؟۔ سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ابھی تک کوئی کمیشن نہیں بنایا گیا۔ درخواست گزار نے کہا سانحہ جڑانوالہ میں اقلیتوں کے بنیادی آئینی حقوق متاثر ہوئے، تحقیقات کے لیے اختیار کیا گیا طریقہ کار سست روی کا شکار ہے، موجودہ طریقہ کار سے مسیحی کمیونٹی کو انصاف کی توقع نہیں ہے، عدالت انصاف کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا حکم دے۔ سپریم کورٹ نے سانحہ جڑانوالہ پر جے آئی ٹی سے رپورٹ طلب کر لی اور سیکرٹری مذہبی امور، چیئرمین اوقاف، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن