مودی نے کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی حدیں پار کر دی ہیں، مشعال ملک
اسلام آباد ( نامہ نگار ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںو کشمیر میں اختلافی آوازوں کو دبانے کیلئے ریاستی دہشت گردی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں تاہم وہ تحریک آزادی کے شعلوں کو بجھانے میں بری طرح ناکام ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے ان خیالات کا اظہار جموںوکشمیر سیلف ڈٹرمینیشن مومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجات حسین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں آج اسلام آبادمیں ان سے ملاقات کی۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون مسلسل بڑھتا جا رہا ہے جسکی وجہ سے یہ پورا خطہ مسلسل غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو غیر ذمہ دارانہ اور ہٹ دھرمی پر مبنی بھارتی رویے کا نوٹس لینا چاہیے ا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں نے کشمیریوںکا جینا دو بھر کر رکھا ہے جبکہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے بھارت کو نہتے کشمیریوں پر مظالم کی شہ مل رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو تیسری دنیا کی دو ایٹمی طاقتوں کو ان کے حال پر چھوڑنے کے بجائے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے موثر انداز میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔مشعال ملک نے کہا کہ بھارت نے ان کے شوہر محمد یاسین ملک سمیت بیشتر حریت رہنماں کو غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف آواز اٹھانے پر غیر قانونی طور پر قید کر رکھا ہے ۔