فیروز والہ: دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی
فیروز والہ + شیخوپورہ+ کھاریانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ دو کمسن بچوں سمیت 4 راہگیر زخمی ہو گئے۔ ملزمان فرار ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور روڈ پر واقع چوکی جیون پورہ کے علاقہ کھوکھر ٹاو¿ن میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ دو کم سن بچوں سمیت 4 راہگیر زخمی ہو گئے۔ مقتولین جمعہ کی نماز ادا کر کے مسجد سے باہر آ رہے تھے کہ مخالفین نے فائرنگ کر دی۔ زخمیوں کو طبی امداد دیتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں اشرف کھوکھر اور قربان علی شامل ہیں۔ زخمیوں میں مقتول اشرف کے دو کمسن پوتے قاسم اور ہاشم شامل ہیں جنکی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے لاشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دیں۔ پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اندھا دھند فائرنگ کر دی۔