• news

صدر کی مدت پوری‘ آئینی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہے: رضا ربانی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آئینی مدت پوری ہوئی جس میں وہ اپنی آئینی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہے، انہوں نے ذہن کا استعمال کیے بغیر آئین کے برخلاف آرڈیننس جاری کیے۔ ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ صدر مملکت نے کئی بار آئین کی خلاف ورزی کی، صدر نے آئین کے خلاف الیکشن کمیشن کے دو ممبران کا تقرر کیا، بین الوزارتی مشاورت کے بغیر جی آئی ڈی سی آرڈیننس جاری کیا۔ صدر نے سینٹ سے مسترد شدہ پی ایم ڈی سی آرڈیننس دوبارہ جاری کیا، صدر نے بغیر سمجھے دو ججز کے خلاف ریفرنس دائر کیا، پی پی رہنما نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین اور ممبران ایس ای سی پی کو بر طرف کرنے کے صدارتی حکم کو کالعدم قرار دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ایم ڈی سی آرڈیننس کے اجراءکو کالعدم قرار دیا۔ رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے خلاف صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دیا۔ بدنیتی کے ساتھ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کا ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا۔ صدر نے منتخب وزیر اعظم اور اس کی کابینہ سے حلف لینے سے انکار کیا۔ صدر نے گورنر پنجاب کی برطرفی پر وزیر اعظم کے مشورے پر عمل نہیں کیا۔ رضا ربانی نے مزید کہا کہ صدر نے 2 بلز پر نہ دستخط کیے نہ انہیں اعتراض لگا کر واپس کیا۔

ای پیپر-دی نیشن