ملبہ ایک دوسرے پر ڈالا جا رہا ہے، عوام کی کسی کو پروا نہیں:شیخ رشید
لاہور( این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کا ملبہ مولانا فضل الرحمان پیپلزپارٹی پر اور پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) پر ڈال رہی ہے،ان نااہلوں کی وجہ سے سارا ملبہ غریب عوام پر گر گیا ہے، اصل مسئلہ غربت اور بیروزگاری ہے جس پر کوئی بات کر رہا ہے نہ توجہ دے رہا ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ شہباز شریف اقتدار میں ہو تو سات سات فنکشن کرتا ہے اقتدار سے اترتا ہے تو سیدھا لندن جاتا ہے اور بیمار ہو جاتا ہے، نواز شریف کو پہلے ہی کئی سالوں سے سیاسی بیماری ہے۔انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی اہم قیادت ملک چھوڑ کر جا چکی ہے، انہیں قوم کے جذبات اور عوام کے غیض و غضب کا علم ہے، جو لوگ بجلی کے بلوں اور چینی، آٹے کی مہنگائی کیخلاف سڑکوں پر آئے ہیں وہ کسی لیڈر یا پارٹی کے کہنے پر نہیں آئے اپنی بقا ءکیلئے سڑکوں پر آئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے کسی کی طرف نہیں دیکھ رہے، آسمان کے فیصلے کی طرف دیکھ رہے ہیں کیونکہ مسئلہ اب سیاست نہیں رہا سنگین معاشی حالات بن گیا ہے، غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں غریب کا چولہا بھی نہیں جل رہا۔