سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس 250 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا
کراچی ( کامرس رپورٹر)انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میںڈالر کی قدر قابو میںآنے اور آرمی چیف کی جانب سے تاجروں اور صنعتکاروں کو اعتماد کی فراہمی کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میںکاروباری ہفتہ کا اختتام تیزی پر ہوا۔ 100انڈیکس250سے زائد پوائنٹس اضافہ کے بعد46000پوائنٹس کی سطح پر بحال ہوگیا۔کاروباری تیزی کے باعث مارکیٹ کے سرمایہ میں43ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا ،تاہم حصص کی کاروباری مالیت اور حجم جمعرات کے مقابلے میں گھٹ گیا۔ 83پوائنٹس اضافہ سے 30انڈیکس 16161 پوائنٹس سے بڑھ کر16245پوائنٹس ہو گیا۔آل شیئرز انڈیکس188پوائنٹس اضافہ سے 30509پوائنٹس سے بلند ہو کر 30697 پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایم آئی30انڈیکس 619پوائنٹس اضافہ سے 77127پوائنٹس تک آگیا،کے ایس ای 100انڈیکس میںتیزی کے باعث گذشتہ روز مارکیٹ کے سرمائے میں 43ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا ، جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 67 کھرب 89 ارب روپے سے بڑھ کر 68کھرب 32ارب روپے ہو گیا۔