سعودیہ کیساتھ بحری مشقوں کا آغاز، مقصد تعلقات کو مستحکم کرنا ہے: پاک بحریہ
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)پاک بحریہ اور سعودی شاہی بحریہ کے درمیان بڑی مشترکہ فوجی مشقیں نسیم البحر 14اور DERAA AL SAHIL الجلیل سعودی عرب میں شروع ہوگئیں۔پاک بحریہ کے مطا بق ان مشقوں کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا اور دونوں ممالک کی بحری افواج اور خصوصی کارروائیوں کی افواج کے درمیان مشترکہ کارروائیوں کا فروغ ہے۔یہ بحری مشقیں بحری کارروائیوں کے ایسے دائرئہ کار کے تحت ہو رہی ہیں جس میں روایتی اور غیرروایتی جنگی حکمت عملی شامل ہے۔ان بحری مشقوں میں دونوں ملکوں کے بحری جہازوں کے علاوہ دونوں بحری افواج کی خصوصی کارروائیوں کی فورسز اور دونوں بحری افواج کے میرینز کے ساتھ ساتھ سعودی شاہی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر اور طیارے شریک ہیں۔ساحل سمندر کے مرحلے میں فریقین نے پیشہ ورانہ موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور سمندری مشقوں کی منصوبہ بندی کو قطعی شکل دی۔اس بحری مشق سے پاک سعودی سٹریٹجک تعلقات اور اس مشترکہ عزم کا اظہار ہوتا ہے کہ بحری افواج کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائے گا تاکہ بحری شعبے سے تعلق رکھنے والے مسائل سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکے۔