• news

میٹروبس جنازگاہ سٹیشن کے قریب حفاظتی جنگلے سے ٹکرا گئی، 8خواتین زخمی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس حادثے کا شکار ہوگئی۔ جس کے نتیجے میں8 خواتین زخمی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق میٹرو بس کو حادثہ جنازگاہ سٹیشن کے قریب پیش آیا۔ میٹرو بس ٹریک پر جنگلے کے ٹوٹے راڈ سے ٹکرا گئی۔ ٹریک پر آیا ہوا ٹوٹا راڈ حفاظتی جنگلے کا تھا۔ راڈ سے ٹکراتے ہی بس بے قابو ہو کر حفاظتی جنگلے سے جا لگی۔ حادثے میں آٹھ خواتین زخمی ہوئیں جنہیں طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ ماضی میں بھی لاہور میں ٹرانسپورٹ کا میگا پراجیکٹ تکنیکی خرابیوں کا شکار رہا ہے۔ میٹرو بسوں کے انجن "جواب" دے گئے۔ بیشتر تکنیکی خرابیوں کا شکار ہیں، شاہدرہ سے گجومتہ چلنے والی میٹرو بس کا مکمل سکواڈ نہیں چلایا جا رہا۔ میٹرو ٹریک پر چلنے والی 64 میں سے 23 بسیں تکنیکی اور حادثے کے سبب خراب ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران 28 مرتبہ بسیں خراب ہونے کے واقعات رونما ہوئے۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے میٹرو ٹریک جنازگاہ کے قریب میٹرو بس کے حادثے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لیں۔ ویڈا کمپنی کی میٹرو بس نمبر 16 کے حادثے کی ذمہ داری ڈرائیور پر ڈال دی گئی۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا۔ پی ایم اے نے مجرمانہ غفلت برتنے پر ڈرائیور کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا۔ ویڈا کمپنی کے ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔ بس کے نقصانات کی بھی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی۔ حادثے کے سبب میٹرو بس کی ونڈ سکرین، سائیڈ شیشہ اور انجن متاثر ہوا۔ میٹرو بس کا داخلی دروازہ، فرنٹ پلر اور باڈی بھی متاثر ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن